Monday, 27 September 2021

میری ایک بری عادت تھی

 میری ایک بری عادت تھی


تُو میری عادت کے ہاتھوں کیسی زچ اور کتنی دق تھی

جب حیرت کی انگلی تھامے تیرے ساتھ چلا کرتا تھا

اک شیریں مسکان کی بیلیں 

میرے تن بوٹے کے اوپر استحقاق سے چڑھتی تھیں

اور اک لمس کا گاتا پانی نس نس دیپ جلاتا تھا

لمس کے جگنو اور مسکان کی تتلی میرے کھلونے تھے

ان دونوں کی دوری سہنا جینے جیسا مشکل تھا

ان کو پلو میں باندھے تو جب بھی دور کہیں جاتی تھی

میں وسواس کی ڈور سے لپٹا پیچھے پیچھے آ جاتا تھا

سب لوگوں سے، ہر رستے سے تیرا پتہ پوچھا کرتا تھا

اب حیرت کی انگلی تھامے تو اک ایسے دیس گئی ہے

جس کے سب بازار اور گلیاں، سارے گھر اور سب چوبارے

گہری دھند میں سربستہ ہیں، گزرے کل سے پیوستہ ہیں

میں اس دھند کے چوراہے پر نم آنکھوں کو پونچھ رہا ہوں

روتے روتے سوچ رہا ہوں

کس کو روکوں کس سے پوچھوں؟

 کیا میری ماں کو دیکھا ہے؟

اس رستے سے ہو کے گئی تھی

اپنی ایک بری عادت سے کیسا زچ اور کتنا دق ہوں


بلال احمد

No comments:

Post a Comment