Wednesday, 29 September 2021

میں اس کا مسئلہ تھی جسے حل نہیں کیا

 میں اس کا مسئلہ تھی جسے حل نہیں کیا

اس نے مجھے کبھی بھی مکمل نہیں کیا

مانا کہ تھل مزاج رُتوں کی امین ہوں

روتی رہی ہوں آنکھ کو تو تھل نہیں کیا

اس کو بُھلانا تھا سو بُھلا بھی دیا اُسے

جو کام آج کا تھا اسے کل نہیں کیا

روئی تمہارے شہر سے میں دور بیٹھ کر

میں نے تمہارے شہر کو جنگل نہیں کیا

جو ہاتھ تیرے جانے پہ میں نے ہلایا تھا

موسم کی شدتوں نے اسے شل نہیں کیا

اس کو خدایا میں نے ولی ہی سمجھ لیا

جس نے تِری زمین کو مقتل نہیں کیا

میں ظلم کے خلاف کبھی چُپ نہیں رہی

اونٹوں کی خالی پُشت کو محمل نہیں کیا

اس کو سہولتوں کی سواری نہیں ملی

جس نے سفر حیات کا پیدل نہیں کیا


زہرا شاہ

No comments:

Post a Comment