Monday, 27 September 2021

تھا تخت کبھی خاک نشینوں کی امانت

 تھا تخت کبھی خاک نشینوں کی امانت

پھر بخت ہوئے شاہ کے زینوں کی امانت

گملوں میں اُگانے کا انہیں سوچ رہے ہو

جو بیج ہیں زرخیز زمینوں کی امانت

اک روز وہ صد ناز سے مہتاب پہ اُترے

جو پاؤں ہوئے علم کے زینوں کی امانت

کرتے ہیں رعونت سے عبادت کی نمائش

جو داغ ہیں کچھ تنگ جبینوں کی امانت

یہ کارِ شراکت ہے شہنشاہی و پیری

سو لوگ ہیں درگاہ کے زینوں کی امانت

ہم جیسوں پہ جچتی ہی نہیں ایسی ادائیں

یہ غمزہ و عشوہ ہیں حسینوں کی امانت

یہ خونِ غریباں سدا ارزاں رہا عرفی

پھر بھی ہے تقدس کے مہینوں کی امانت


عرفان عرفی

No comments:

Post a Comment