Saturday, 4 September 2021

ترے خیال کو دل سے نکالنا ہو گا

 تِرے خیال کو دل سے نکالنا ہو گا

یہ سچ ہے خود کو بھی مشکل سنبھالنا ہو گا

بہت دنوں سے تماشا بنائے ہوں خود کو

اب اپنی ذات پہ اک پردہ ڈالنا ہو گا

ہے جس میں تیری بھی رسوائی میرے ساتھ صنم

وہ قصہ اب تو مجھے بھی اچھالنا ہو گا

کھلی فضاؤں میں رکھا ہے جس پرندے کو

قفس میں اب اسے دشوار پالنا ہو گا

یہ دل پگھلنے لگا موم بن کے الفت میں

اب اس کو اک نئے سانچے میں ڈھالنا ہو گا

سیاہی جم سی گئی ہے وفا کے زیور پر

ولا تم ہی کو یہ سونا اجالنا ہو گا


ولاء جمال العسیلی

No comments:

Post a Comment