Sunday, 16 July 2023

لال گگن میں نیلا تارہ اور گلابی کرنیں

 بوجھ بجھاری


لال گگن میں نیلا تارہ

اور گلابی کرنیں تھیں

اس تارے کے اک کونے پر

پیلے پھول کی بند پتیوں میں

خاک کا قالب سویا تھا

جانے کتنی صدیوں سے وہ

ایک امر کے نہ ہونے سے

قرنوں قرنوں رویا تھا

بند پتیوں کی قبر کے بھیتر

سات سُروں نے شور مچا کر

اس قالب کو چیر دیا تھا

پھر کچھ اور زمانے بیتے

اس قالب کے دو حصوں نے

اک دن اپنی آنکھیں کھولیں

اک دوجے کو یوں دیکھا، حیران ہوئے، پھر جان گئے

اور قرنوں کے اس سنگم پر

پیلے پھول کی بند پتیوں نے

ہاتھ اٹھا انگڑائی لی اور دھوپ کا اس پل جنم ہوا

ایک سویرا یوں نکلا کہ ایک اندھیرا ختم ہوا

دونوں قالب آگے پیچھے، روتے گاتے کھیل رہے تھے

نیلا تارہ ان قرنوں میں

سبز پھلوں سے بھر جاتا تھا

نارنجی دریا میں اترے اک دونوں بھول بھٹک کر

اور نہ جانے کیا بیتی کہ

فلک کا پردہ چاک ہوا

ایک سیاہ سائے نے اپنے پر پھیلا کر 

سارے رنگ فنا کر ڈالے

قالب سہمے، روئے کانپے

بھاگے دوڑے، پر قید ہوئے

سائے نے ان کو اپنے کالے ہاتھ میں بھینچ لیا تھا

ان کے تن سے نور کا پردہ

ایک ہی پل میں کھینچ لیا تھا

دونوں خود سے شرماتے تھے

دونوں خود سے گھبراتے تھے

وہ قالب جو ایک تھے لیکن

اک دوجے سے کتراتے تھے

ان کو یوں لاچار جو دیکھا

سبز پھلوں کی ان بیلوں نے

اپنے پتے دان کیے اور راحت کے سامان کیے

لیکن سایہ قابض تھا اور

اس کی سازش گہری تھی

ان دونوں کو وہاں لے آیا

جہاں پہ زردی ٹھہری تھی

اب کیا ہو گا، کیا ہونا تھا

تارے کا آخری وہ کونا تھا

اس نے کونا توڑ دیا اور 

خلا میں ان کو چھوڑ دیا

دونوں روئے، سہمے قالب

اک دوجے سے لپٹ لپٹ کر

نیچے نیچے گرتے گئے

تارے گزرے، سورج گزرے

اندھیرے اوقات گئی

گھاس پہ گر کے ٹوٹ گئے وہ

جانے کس کے ساتھ گئے

سورج جاگا، چڑیا چہکی

پھول نے اک انگڑائی لی

کالی بلی گھر سے نکلی

ان دونوں کو چاٹ گئی


مریم مجید

No comments:

Post a Comment