Friday, 19 August 2022

کہیں کباڑ کی املاک میں پڑے ہوتے

 کہیں کباڑ کی املاک میں پڑے ہوتے

تِرے بغیر تو ہم خاک میں پڑے ہوتے

تِرا ہُنر ابھی کندن سے آشنا ہی نہیں

نہیں تھے راکھ کہ ہم راکھ میں پڑے ہوتے

بجا ہے بخت کی تقسیم سے گِلہ اپنا

تِرے اسیر تو افلاک میں پڑے ہوتے

نحیف پل کی خطا نے بدل دیا نقشہ 

وگرنہ، آدمی لولاک میں پڑے ہوتے

عجیب دُھن میں سنورنے کے مرحلے گزرے 

یہی تھا شوق کہ بس چاک میں پڑے ہوتے 

خیال برہنہ ہوتے تو سوچ کیا ہوتا 

عجیب چھید سے پوشاک میں پڑے ہوتے 

ابھی تو سمت پس و پیش کا معمہ ہے 

نہیں تو مسئلے ادراک میں پڑے ہوتے 

یہ تو عطا کے کمالات ہیں مرے ساحر 

وگرنہ دھول تھے خاشاک میں پڑے ہوتے


علی ساحر

No comments:

Post a Comment