Tuesday, 30 August 2022

بکھری تھی ہر سمت جوانی رات گھنیری ہونے تک

بکھری تھی ہر سمت جوانی رات گھنیری ہونے تک

لیکن میں نے دل کی نہ مانی رات گھنیری ہونے تک

درد کا دریا بڑھتے بڑھتے سینے تک آ پہنچا ہے

اور چڑھے گا تھوڑا پانی رات گھنیری ہونے تک

آگ پہ چلنا قسمت میں ہے، برف پہ رُکنا مجبوری

کون سُنے گا اپنی کہانی، رات گھنیری ہونے تک

اس کے بِنا یہ گلشن بھی اب صحرا جیسا لگتا ہے

لگتا ہے سب کچھ بے معنی رات گھنیری ہونے تک

خونِ جگر سے ہم کو چراغاں کرنا ہے سو کرتے ہیں

اپنی ہے یہ رِیت پرانی رات گھنیری ہونے تک

جن ہونٹوں نے پیاسے رہ کر ہم کو اپنے جام دئیے

یاد کرو ان کی قربانی، رات گھنیری ہونے تک

دل میں اپنے زخمِ تمنا، آنکھوں میں کچھ خواب لیے

برسوں ہم نے خاک ہے چھانی رات گھنیری ہونے تک


شایان قریشی

No comments:

Post a Comment