Sunday, 28 August 2022

حصار مہر جو مسمار ہوتا جاتا ہے

 حصارِ مہر جو مسمار ہوتا جاتا ہے

دراز سایۂ دیوار ہوتا جاتا ہے

یہ کس نے دُھوپ کنارے سے جھانک کر دیکھا

اُفق بھی سُرخئ رُخسار ہوتا جاتا ہے

شکار گاہ میں ہانکا کرانے والا ہوں

ہدف بھی میرا طلبگار ہوتا جاتا ہے

شہابِ ثاقبِ دل ٹوٹ کر گرا جائے

کمالِ دیدۂ مے خوار ہوتا جاتا ہے

دیارِ ہجر میں پازیبِ غم چھنکتی سن

شکیب درد کی جھنکار ہوتا جاتا ہے

اشارہ پاتے ہی وہم و گماں، یقین ہوئے

کشادہ جامۂ اسرار ہوتا جاتا ہے

اے چوبِ خیمۂ جاں کو اکھاڑنے والے

ثبات یافتہ انکار ہوتا جاتا ہے

تِرے جمال کی شورش کا شاخسانہ ہے

زمانہ برسرِ پیکار ہوتا جاتا ہے

میں دل گرفتہ بھی ہو کر ہوں شادمانی میں

یہ رنج کیسا فسوں کار ہوتا جاتا ہے

میاں وہ صاحبِ عرفان خوش مقال ہوا

سخن حلاوتِ گُفتار ہوتا جاتا ہے

عجیب طرز کی ہے داستاں طرازی یہ

کہانی کار بھی کردار ہوتا جاتا ہے

ہمارا حال بھی ماضی پرست ہے اصغر

گزشتہ، آج میں درکار ہوتا جاتا ہے


علی اصغر عباس

No comments:

Post a Comment