Saturday 27 August 2022

پگلی تو کیوں گھر سے بھاگ گئی

 اک پگلی گھر سے بھاگ گئی


اندھیری رات میں

ایک گھٹڑی سنبھالے

چند زیوراور کچھ کپڑے لیے

اک پگلی گھر سے بھاگ گئی

ماں کے جُھریوں زدہ چہرے پر

اک نظر ڈالی، اور ٹھٹکی

باپ کے محنت کش ہاتھوں کو

اک لمحہ دیکھا، اور جھجکی

مگر پیا کی یاد ہر زنجیر کاٹ گئی

اک پگلی گھر سے بھاگ گئی

اندھیری رات میں پیا کی یادوں کے سہارے

چلی وہ انجان منزلوں کی جانب

لچکتی، جھجکتی، گھبرائی، شرمائی سی وہ مسافر

اپنا سب کچھ چھوڑ آئی

ہاں، اک شخص کے لیے

وہ شخص جو اس کا محبوب ہے

چند میٹھے بولوں کی رسِیلی بوند

کتنی بڑی خلیج پاٹ گئی

اک پگلی گھر سے بھاگ گئی

کیا میٹھے بول اور محبت بھرے جملے

اتنے خوبصورت ہوتے ہیں کہ

زندگی کے ہر رشتے کو

لمحوں میں انجانا کر دیتے ہیں

پھر اگر واقعی ایسا ہے تو

میری زندگی تو بے کار گئی

اے پگلی! تُو کیوں گھر  سے بھاگ گئی


عثمان غازی

No comments:

Post a Comment