ہم کوئی ایسا جرم کریں
ہم کوئی ایسا جرم کریں
ہم کوئی ایسا جرم کریں کہ لوگ
ہمیں کسی تاریک کوٹھڑی میں بند کر دیں
اور کبھی پلٹ کر ہماری خبر نہ لیں
تاکہ ہم لوگوں کی بے خبری سے فائدہ اٹھا سکیں
ہمیں صدیوں پرانی جیل میں بند کر دیا جائے
جہاں ظالم بادشاہ اپنے خلاف سازش کرنے والوں کو
بند کیا کرتے تھے
یا ان بزدل لوگوں کو
جو زمین کا ذرا سا ٹکڑا حاصل کرنے کے لیے
انسانی خون بہانے کے خلاف تھے
ہم وہاں دفن آوازوں کو اپنی سماعت کا تحفہ دیں
ہم کوئی ایسا جرم کریں جس کی پاداش میں
دونوں کو ایک قبر میں زندہ دفن کر دیا جائے
اور ہم خودکشی کرنے والوں کے ساتھ
مل کر قہقہے لگائیں
ہم کوئی ایسا جرم کریں
جس سے تاریخ کی کتابوں میں
مرے ہوئے کیڑے مکوڑے زندہ ہو کر
سیاہ صفحات پر رینگنے لگ جائیں
کوئی ایسا جرم کریں کہ اس سیارے کے لوگ ہمیں
کسی ایسے سیارے پر جانے کی سزا دے دیں
جہاں زندگی ممکن نہ ہو
ہم وہاں زندگی کریں
اور ان کو وہاں سے ایک خط بھیجیں
جس میں یہ لکھیں کہ؛
تم نے زمین کو جہنم بنا کر
اس میں خود کو دفن کیا ہوا ہے
ہم اپنے ہونے والے بچے کا ذکر کریں
اور لکھیں کہ؛
محبت کو پھلنے پھولنے کے لیے
سازگار ماحول کی ضرورت نہیں ہوتی
خوش بخت بانو
No comments:
Post a Comment