Wednesday 31 August 2022

کسی کے پیکر روپوش پر نظر ہے ابھی

کسی کے پیکر روپوش پر نظر ہے ابھی

تو دور مجھ سے در اندازیٔ سحر ہے ابھی

یہ جان کر بھی کہ مجھ پر نظر نظر ہے ابھی

مِرا شعور برائی سے بے خبر ہے ابھی

لگے ہیں بغض کے شیشے جہاں جبینوں میں

وہاں اداس محبت کا سنگِ در ہے ابھی

اسی کو لوگ سمیٹیں گے داستانوں میں

مِرے لبوں پہ جو روداد مختصر ہے ابھی

کسی کا کلک تنفر چرا نہ لے اس کو

جو حسن میری نگارش میں جلوہ گر ہے ابھی

خدا بچائے ہر ایسی کتاب کو جس میں

ہے ٹیپو آج بھی ٹیپو، ظفر ظفر ہے ابھی

یوں ہی رہے گا رہے گا رہے گا تا بہ حیات

ادب پہ شوق کے جو سایۂ اثر ہے ابھی


شوق اثر رامپوری

No comments:

Post a Comment