Monday 29 August 2022

سیلابوں کے بعد ہم ایسے دیوانے ہو جاتے ہیں

 سیلابوں کے بعد ہم ایسے دیوانے ہو جاتے ہیں

اپنے گھر سے اس کے گھر تک پہروں دوڑ لگاتے ہیں

ہم نے اپنے ہاتھ زمیں میں داب رکھے ہیں اس ڈر سے

دستِ طلب پھیلانے والے دیوانے کہلاتے ہیں

ان آنکھوں کی سیوا کر کے ہم نے جادو سیکھ لیا

جب بھی طبیعت گھبراتی ہے پتھر کے ہو جاتے ہیں

اپنے ہجر کی بات الگ ہے،۔ اپنا عشق مسلسل ہے

خود سے بچھڑنے لگتے ہیں تو اس کے گھر ہو آتے ہیں

آدھی رات کو ہستی کا مفہوم سمجھ میں آتا ہے

بام و در کے سناٹے جب آپس میں ٹکراتے ہیں

جانے کتنی گرد جمی ہو خد و خال پہ رستوں کی

اس ڈر سے ہم اپنے گھر میں دستک دے کر جاتے ہیں

اب اس پر الزام رکھے یہ خلقِ خدا تو کیا کہیے

ہم تو اس کی باتیں کر کے اپنا دل بہلاتے ہیں

جس دن اس کی یاد آتی ہے جیت سی اپنی ہوتی ہے

رستہ رستہ کوچہ کوچہ پرچم سے لہراتے ہیں

پہلے پرواہی سے دل میں ایک کسک سی اٹھتی تھی

اب یہ موسم کچھ نہیں کرتے لیکن خواب دکھاتے ہیں

میں نے اپنے جوش میں آ کر رقص کیا تھا خود محسن

لیکن میری بستی والے اس کا نام بتاتے ہیں


محسن اسرار

No comments:

Post a Comment