درد دل میں اگر نہیں ہوتا
دامنِ یار تر نہیں ہوتا
مصلحت کچھ تو ہو گی ورنہ وہ
اجنبی جان کر نہیں ہوتا
دل نہ ہوتا اگر مِرا ذی حِس
حسرتوں کا کھنڈر نہیں ہوتا
چاند پِھرنے لگا ہے گلیوں میں
جانے کیوں بام پر نہیں ہوتا
بے خیالی میں ٹھیس لگتی ہے
رستہ ہی پُر خطر نہیں ہوتا
بیٹھ کر دوربین کے پیچھے
آدمی دیدہ ور نہیں ہوتا
نذر یہ دور ہے خوشامد کا
نام اب کام پر نہیں ہوتا
نذر فاطمی
No comments:
Post a Comment