شہداء و غازیانِ پاکستان کو خراجِ تحسین
جہادِ حق کا سماں لا الہ الا اللہ
جہادِ حق کا سماں، لا الہ الا اللہ
شہید کی وہ اذاں، لا الہ الا اللہ
قریب صبح وہ حملہ ہماری سرحد پر
وہ توپ خانۂ دشمن کا آتشیں منظر
وہ ٹینک اور وہ حملے وہ بجلیاں وہ شور
امام مسجد واہگہ کی وہ وہ نماز سحر
وہ عزمِ پیر و جواں، لا الہ الا اللہ
شہید کی وہ اذاں، لا الہ الا اللہ
وہ نُور صبح وہ مسجد کے منبر و مینار
کہ جن کے حسن پہ خود آفتاب صبح نثار
سپاہ کفر و ضلالت کی ہر طرف یلغار
پیش امام مجاہد نمازیوں کی قطار
سبھی کے وِردِ زباں، لا الہ الا اللہ
شہید کی وہ اذاں، لا الہ الا اللہ
امامِ مسجد واہگہ شہید سوز و گداز
تِرا وجود ہے دین خدا کو مایۂ ناز
وہ تیرا سجدۂ آخر وہ حق سے راز و نیاز
لہو سے اپنے وضو صبح قتل کی وہ نماز
وہ جاں کنی کا سماں، لا الہ الا اللہ
شہید کی وہ اذاں، لا الہ الا اللہ
رئیس امروہوی
No comments:
Post a Comment