المستشفى الأهلى العربی اسپتال کے لیے ایک نظم
میری نظموں میں ایک ساتھ جگہ پا سکتا ہے
تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے
نحیف پِلوں، سفید بلیوں اور چتکبرے خرگوشوں کو روند کر
گزر جانے والا گروہ اور جانوروں کے اسپتال کا عملہ
غزہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ الگ سے لکھا ہوا
غیر ضروری سا لگنے لگا ہے
نارتھ کیرولینا میں کتوں سے پیار کرنے والوں کی تعداد میں
روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے
یہ کیا کیا تم نے؟
تنزلی کی جگہ ترقی کیوں لکھ لیا ڈکشنری میں
اگلے ایڈیشن میں اسے درست کر دینا
سورج کو اپنے روزنوں سے جھانکنے دو
گرینیڈ کے شیلز کو گملوں میں تبدیل کر دو
ان میں سبز اور سفید پھولوں کے بیج ڈال دو
کم زور ملکوں پر تازہ گلابوں سے بھرے جہاز الٹا دو
ایسا کرنے سے تم سپر پاور بن جاؤ گے
میری نظموں میں گنجائش ہے
خارپشت اور مور کا نام ایک ہی سطر میں لکھنے کی
یوحال نوح ہرارے اور ذاکر نائیک کو بولنے دو
تمام عندلیب ، چیلیں اور بوم بولتے رہیں گے تو فطرت کی گود ہری رہے گی
فطرت کو ناراض مت کرو
اپنے ٹینکوں کو ٹریکٹرز میں بدلتا دیکھ کر خوشی سے جھوم جاؤ
دشمن کے آدمیوں کو ہوا میں اڑانا چاہتے ہو تو
سرحدوں پر مائن بموں کی بہ جائے جھولے لگا دو
شہریوں کو جھولنے دو
انہیں ہوا میں اڑنے دو
دشمن ملک کے بچوں کے لیے کھلونے مت پھینکو
ان کے لیے کھلونے بھیج دو
محترم ایلون مسک
زمین پر کافی جگہ ہے
مریخ پر جانے سے پہلے
زمین کو مریخ بننے سے روک سکتے ہو ؟
ظہور منہاس
No comments:
Post a Comment