Sunday 29 September 2024

سلام شوق نسیم بہار کہہ دینا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


سلامِ شوق نسیمِ بہار کہہ دینا

مِرا حضورِ سے سب حالِ زار کہہ دینا

سجودِ شوق کی اک آرزو ہے مدت سے

تڑپ رہا ہے دلِ بے قرار کہہ دینا

دئیے ہیں سوزشِ غم نے وہ داغ سینے پر

تپک رہا ہے دلِ داغدار کہہ دینا

جو دھجیاں ہیں گریبانِ زیست کی تن پر

ہوا ہی چاہتی ہیں تار تار کہہ دینا

ہمیں ملے جو اجازت تو سر کریں قرباں

حضورﷺ اب نہیں اٹھتا یہ بار کہہ دینا

یہ عرض کرنا کہ تنہا نہیں خلیل ملول

ہیں خادم آپ کے سب بے قرار کہہ دینا

وہ شہسوار کہ جس نے پہاڑ روندے تھے

پڑا ہوا ہے سرِ رہ گزار کہہ دینا

وہ گلعذار کہ پھولوں سے کھیلتا تھا کبھی

وہ دشمنوں کے گلے کا ہے ہار کہہ دینا

وہ عندلیب کہ تھی جس کی لحنِ داؤدی

بلادِ غم کا ہوا ہے شکار کہہ دینا

وہ تاجدار کہ تھا میرِ کاروانِ جہاں

بھٹک رہا ہے برنگِ غبار کہہ دینا

وہ نوبہار کہ جس سے بہارِ عالم تھی

اب اُس پہ چھائی خزاں کی بہار کہہ دینا

وہ نامدار کہ جس کی پکار تھی سب میں

ہے آج سب کی نگاہوں میں خوار کہہ دینا

وہ گلستان میں عنادل کے چہچہے نہ رہے

اجڑ چکا چمن روزگار کہہ دینا

نہ اب وہ شوکت و حشمت نہ دبدبہ اپنا

نہ اب وہ شان نہ عز و وقار کہہ دینا

نہ خیر خواہ کوئی ہے نہ ہمنوا کوئی

نہ کوئی مونس و ہمدم نہ یار کہہ دینا

نہ یہ کہ ہم سے کدورت ہے دشمنوں کو فقط

ہے دوستوں کے بھی دل میں بخار کہہ دینا

غرض کہ حال وہ ہے جیسے زیرپا آتش

جگر ہے زخمی تو سینہ فگار کہہ دینا

ہے مختصر کہ یہ رودادِ غم، سنا دینا

غرض کہ جیسے ہیں لیل و نہا کہہ دینا

یہ روکے کہنا کہ سرکار کی دہائی ہے

کہ ایک دل میں ہیں ناسور ہزار کہہ دینا

تمہیں سے آس لگائی ہے غم کے ماروں نے

تمہیں سنو گے ہماری پکار کہہ دینا

تمہاری ایک نگاہِ کرم میں سب کچھ ہے

تمہیں وہ حق نے دیا اختیار کہہ دینا

ادھر تو نامۂ اعمال میں نہیں نیکی

اُدھر ہے سر پہ گناہوں کا بار کہہ دینا

دکھانے آئے ہیں بس زخم دل تمہارے حضور

وگرنہ تم پہ ہے سب آشکار کہہ دینا

حضورﷺ آپ جو گستاخیاں معاف کریں

تو اذن چاہتے ہیں گنہ گار کہہ دینا

ملے اجازتِ رخصت تو چوم لینا زمیں

سلامِ شوق بھی ہاں بار بار کہہ دینا

خلیل زار کی جانب سے پھر ہزار سلام

بڑے ادب سے بصد انکسار کہہ دینا


مفتی محمد خلیل برکاتی

No comments:

Post a Comment