عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
نیک بختی کی شروعات ہوئی، نعت ہوئی
لفظ و معنی کی ملاقات ہوئی، نعت ہوئی
ذکرِ محبوب و محب لازم و ملزوم ہوئے
رب تعالیٰ کی جہاں بات ہوئی، نعت ہوئی
یاد سرکار مدینہﷺ کی قدم بوسی سے
مُشکبو ارضِ خیالات ہوئی، نعت ہوئی
آپ کی شانِ کریمی ہے کہ سبحان اللہ
اوج پر شدت جذبات ہوئی، نعت ہوئی
اس سے پہلے کہ پڑے کشتِ سخن میں خشکی
رحمت و نور کی برسات ہوئی، نعت ہوئی
و رفعنا لک ذکرک سے تعاون پا کو
جرأت شرحِ کمالات ہوئی، نعت ہوئی
دامنِ فکر کو تنگ آپ نے ہونے نہ دیا
کہ مضامین کی بہتات ہوئی، نعت ہوئی
کاسۂ فکر بڑھانے کی بھی حاجت نہ پڑی
حاصل ان کی مجھے خیرات ہوئی، نعت ہوئی
تشنگی آپ سے دیکھی نہ گئی اور سحر
بارشِ ابرِ عنایات ہوئی، نعت ہوئی
سحر بلرام پوری
غلام جیلانی سحر
No comments:
Post a Comment