Sunday, 24 February 2013

آگے اسپ خونی چادر اور خونی پرچم نکلے

آگے اسپ، خونی چادر اور خونی پرچم نکلے
جیسے نکلا اپنا جنازہ ایسے جنازے کم نکلے
دور اپنی خوش ترتیبی کا رات بہت ہی یاد آیا
اب جو کتابِ شوق نکالی، سارے ورق برہم نکلے
حیف درازی اس قصے کی، اس قصے کو ختم کرو
کیا تم نکلے اپنے گھر سے، اپنے گھر سے ہم نکلے
میرے قاتل، میرے مسیحا، میری طرح لاثانی ہیں
ہاتھوں میں تو خنجر چمکیں، جیبوں سے مرہم نکلے
جونؔ شہادت زادہ ہوں میں اور خونی دل نکلا ہوں
میرا جلوس اُس کے کوچے سے کیسے  بے ماتم نکلے

جون ایلیا

No comments:

Post a Comment