Saturday, 23 February 2013

چلو پھر ہم صف آرا ہوں

چلو پھر ہم صف آراء ہوں

چلو ہم پھر صف آراء ہوں
صف آراء ہوں
کہ دُشمن چار سُو آئے
کہ قاتل رُوبرُو آئے
کہ اُن کے کاسۂ خالی میں
کچھ اپنا لہو آئے
کہ بُجھ جائے  ہر اِک مشعل
تو ظُلمت کُو بکُو آئے
کہ اہلِ صدق و ایماں بے سہارا ہوں
چلو ہم پھر صف آراء ہوں
صف آراء ہوں، کہ پہلے بھی
ستم ایجاد آئے تھے
نشانِ ظُلم اُٹھائے تھے
لہو سے تر بتر خنجر
قباؤں میں چُھپائے تھے
ہوس کی تُند آندھی نے
دیے کیا کیا بُجھائے تھے
جو اب دستِ ستم اُٹھے
مثالِ سنگِ خارا ہوں
چلو ہم پھر صف آراء ہوں
صف آراء ہوں کہ پھر آئیں
تو قاتل سرنِگُوں جائیں
پشیمان و زبُوں جائیں
گنوا کر اپنے جسم و جاں
بہا کر اپنا خُوں جائیں
عدو سفاک ارادوں سے
اگر آئیں تو یوں جائیں
کہ شرمندہ دوبارہ ہوں
چلو ہم پھر صف آراء ہوں

احمد فراز

No comments:

Post a Comment