Saturday, 5 January 2019

ہر بول اس کا روح کے آزار چاٹ لے

ہر بول اس کا روح کے آزار چاٹ لے
جس کی زبان خاکِ درِ یار چاٹ لے
گلچیں نہ پا سکا کبھی جوہر پہ دسترس
مشکل ہے کوئی پھول کی مہکار چاٹ لے
ملتا ہے اور تشنگئ راہرو کو چین
پانی جو آبلے کا کوئی خار چاٹ لے
رہتا ہے زلفِ یار تری چھاؤں میں یہ دل
جب تیز دھوپ سایۂ اشجار چاٹ لے
مٹتا نہیں کسی سے بھی رسوائیوں کا داغ
کس کی مجال، سرخئ اخبار چاٹ لے
مل پائے ایسے قاتلِ شاطر کا کیا ثبوت
جو قتل کر کے خنجرِ خونخوار چاٹ لے
ایسے میں کیا پٹے کوئی سودا سرِ دُکاں
بائع جو اٹھ کے مغزِ خریدار چاٹ لے
اے خوش قدم! ذرا نظرِ بد سے ہوشیار
ایسا نہ ہو کہ شوخئ رفتار چاٹ لے
اس خوف سے وہ رکھتے ہیں زلفیں لپیٹ کر
افعی کہیں نہ زلف کا رخسار چاٹ لے
واعظ کی بات دل میں جو اترے تو کس طرح
جب کان اس کی کثرتِ گفتار چاٹ لے
اِترائیے نہ شوکتِ فانی پہ اس قدر
دیمک کہیں نہ کرسئ سرکار چاٹ لے
منکر جو ہو نؔصیر کے فضل و کمال کا
کہہ دو اسے، نوشتۂ دیوار چاٹ لے

سید نصیرالدین نصیر

No comments:

Post a Comment