Tuesday, 3 February 2026

بے حجابانہ کبھی دعوت دیدار بھی دے

 بے حجابانہ کبھی دعوت دیدار بھی دے

لذت عشق بھی دے عشق کا آزار بھی دے

مسند علم و ادب پر متمکن فرما

نغمہ و شعر بھی دے خامۂ گلکار بھی دے

طاق ہر بزم میں رکھ شمع بنا کر مجھ کو

اور پروانہ صفت لذت آزار بھی دے

گل کی مانند خموشی کے بھی آداب سکھا

اور بلبل کی طرح شوخئ گفتار بھی دے

توڑ دے گاہے بگاہے مری ہستی کا خمار

دل جو گرما دے کبھی وہ مئے گلنار بھی دے

کوہساروں میں پھروں گاہ چمن میں بھی رہوں

دشت پر خار بھی دے گلشن بے خار بھی دے

میں ہوں گر غنچہ تو گلشن میں کھلا دے مجھ کو

مست کر دے جو زمانے کو وہ مہکار بھی دے

دولت فقر بھی دے اور شہنشاہی بھی

برگ گل دے مرے ہاتھوں میں تو تلوار بھی دے

حسن فطرت کے خزانوں کو لٹا دے مجھ پر

زور تحریر بھی دے خامۂ گلکار بھی دے


کوثر صدیقی

No comments:

Post a Comment