Friday 15 February 2019

ساحل کا ظرف ہے نہ سمندر کی چیز ہے

ساحل کا ظرف ہے نہ سمندر کی چیز ہے
دراصل خامشی مِرے اندر کی چیز ہے
جیسے ہر ایک ٹوٹتی شے ہے مِرا وجود
جیسے یہ کائنات مِرے گھر کی چیز ہے
کیا کیا نہ راہ کاٹ کےآتا ہے وصل کو
دریا کے پاس کوئی سمندر کی چیز ہے
آنکھوں میں لے کے یوں نہ نکل رنگِ اصلِ عشق
اس کو چھپا کے رکھ کہ یہ بھیتر کی چیز ہے
دنیا جسے وجود سمجھتی ہے یہ وجود
میرے لیے تو خاک برابر کی چیز ہے
سچ اور جھوٹ کا تو یہاں تذکرہ ہی کیا 
تاریخ اپنے اپنے کیلنڈر کی چیز ہے
ہر شے کو اپنی اصل میں دیکھا تو یہ کھلا
خوشبو خیال رنگ گُلِ تر کی چیز ہے
کیا کوئی بھی چراغ نہ رکھے منڈیر پر
کیا روشنی فقط مہ و اختر کی چیز ہے
آزؔر لہو لہو ہیں یہ آنکھیں اسی لیے
جتنا بھی سرخ رنگ ہے منظر کی چیز ہے

دلاور علی آزر

No comments:

Post a Comment