Saturday, 16 February 2019

وہ لوگ میرے بہت پیار کرنے والے تھے

وہ لوگ میرے بہت پیار کرنے والے تھے
گزر گئے ہیں جو موسم گزرنے والے تھے
نئی رُتوں میں دکھوں کے بھی سلسلے ہیں نئے
وہ زخم تازہ ہوئے ہیں جو بھرنے والے تھے
یہ کس مقام پہ سُوجھی تجھے بچھڑنے کی
کہ اب تو جا کہ کہیں دن سنورنے والے تھے
ہزار مجھ سے وہ پیمانِ وصل کرتا رہا
پر اس کے طور طریقے مُکرنے والے تھے
تمہیں تو فخر تھا شیرازہ بندئ جاں پر
ہمارا کیا ہے کہ ہم تو بکھرنے والے تھے
تمام رات نہایا تھا شہر بارش میں
وہ رنگ اتر ہی گئے جو اترنے والے تھے
اس ایک چھوٹے سے قصبے پہ ریل ٹھیری نہیں
وہاں بھی چند مسافر اترنے والے تھے

جمال احسانی

No comments:

Post a Comment