Tuesday 30 October 2018

خلوت جاں کی زندگی نذر سفر تو ہو گئی

خلوتِ جاں کی زندگی نذرِ سفر تو ہو گئی
یعنی ہماری آرزو خاک بسر تو ہو گئی
سوزِ فغانِ حال سے جل گئے لب مِرے مگر
اہلِ محلۂ فراق، تم کو خبر تو ہو گئی
ہے مِرا خواب پُر عذاب، سب کے ہیں خواب مہرتاب
میری سحر نہیں ہوئی، سب کی سحر تو ہو گئی
وصل و فراق کیا بھلا، وقت تو سہہ لیا گیا
اس کی گزر تو ہو گئی، میری بسر تو ہو گئی
دل ہمہ زخم زخم ہے، جاں ہمہ داغ داغ ہے
پیکرِ پُر نگار پر ایک نظر تو ہو گئی
سُوۓ شمالِ سبز سے آئی تھی ایک سرخ موج
یعنی نشاطِ دل کی یاد، خون میں تر ہو گئی
تجھ کو بھلا گلہ ہے کیوں، تُو جو ہے زار اور زبوں
جونؔ تِری مہم جو تھی، ہار کے سر تو ہو گئی

جون ایلیا

No comments:

Post a Comment