تم وحشی ہو تم قاتل ہو
ناموس کے جھوٹے رکھوالو
بے جرم ستم کرنے والو
کیا سیرت نبویﷺ جانتے ہو؟
کیا دین کو سمجھا ہے تم نے؟
کیا یاد بھی ہے پیغام نبیﷺ؟
یوں جانیں لو، یوں ظلم کرو
کیا یہ قرآن میں آیا تھا؟
اس رحمت عالمﷺ نے تم کو
کیا یہ اسلام سکھایا تھا؟
لاشوں پہ پتھر برسانا
کیا یہ ایمان کا حصہ ہے؟
الزام لگاؤ، مار بھی دو؟
دامن سے مٹی جھاڑ بھی دو؟
مسلماں بھی کہلاؤ اور پھر
ماؤں کی گود اجاڑ بھی دو؟
تم سے نہ کوئی سوال کرے؟
نہ ظلم کو جرم خیال کرے؟
اس دیس میں جو بھی جب چاہے
لاشوں کو یوں پامال کرے؟
لیکن تم اتنا یاد رکھو
وہ وقت بھی آنا ہے
ہے جس کے نام پہ ظلم کیا
اس ذات کے آگے جانا ہے
اس خون ناحق کو پھر وہ
میزانِ حشر میں تولے گا
وہ سرور عالمﷺ محسنِ جاں
تم سے اتنا تو بولیں گے
اے ظلم جبر کے متوالو
تم حق کے نام پہ باطل ہو
تم وحشی ہو تم قاتل ہو
علی قائم نقوی
No comments:
Post a Comment