Monday 5 November 2018

خط ہجراں آج سے نوحہ گری ہو گی

خطِ ہجراں

آج سے ضبط کے صحرا کی طرف چلنا ہے 
آج سے قرض اٹھانے ہیں تِرے غم کے بس
آج سے بجھتے چراغوں سے سخن کرنے ہیں
آج سے یاد کے موسم کی ہوا چلنی ہے
آج سے بوجھ تمناؤں کے اٹھائے پھروں گی 
آج سے اشک فشانی پہ جوانی ہو گی
آج سے نوحہ گری ہو گی فقط اہلِ ہجر
آج سے نغمہ گری ہو گی سپردِ ماضی
آج سے دردِ مسلسل کا فسوں جاگے گا
آج سے پیاس سرِ صحنِ بدن ناچے گی
آج سے میری جبیں بجھتی نظر آئے گی 
آج سے دل میں کوئی درد نہیں چمکے گا
آج سے بس زرِ افسوس کمانا ہے ہمیں 
آج سے آنکھ میں بھرنی ہے فقط خاک ہمیں
آج سے حجرۂ غم کھول دیا جائے گا
آج سے مجلسِ فرقت پہ بہار آئے گی
آج سے مرتے ہوئے عشق میں ہم دونوں ہی
سانس لینے کی مشقت کا ہنر سیکھیں گے
آج سے نیند تمہاری نہیں ہو گی غارت 
آج سے میں بھی کوئی خواب نہیں دیکھوں گی
آج سے تم مجھے سنجیدہ نہیں دیکھو گے 
آج سے آگے تمہارے میں ہنسوں گی اتنا
خود بتاؤ کہ محبت کا یہ انداز ہے کیا
میں ترا نام بھی لے سکتی نہیں کھل کر اب
تم ہمیشہ کی طرح آج ہو منزل میری
میں ہمیشہ کی طرح آج بھی رستے میں ہوں
تم زمانے کے طرفدار ہو اب تک سوچو
میں زمانے سے الگ محوِ سفر ہوں دیکھو
فیصلہ ہجر کا کرنا ہے اگر تو اپنا
ایک اک لفظ مِرے دل سے مٹا کر جانا
آج سے خاک کی صورت ہی اڑانا مجھ کو
آج سے کنجِ تغافل میں سجانا مجھ کو
آج سے صبر کی روداد مجھے لکھنی ہے 
آج سے میر کی غزلیں نہ سنانا مجھ کو

سعدیہ صفدر سعدی

No comments:

Post a Comment