Sunday 4 November 2018

اور ہوا چپ رہی

اور ہوا چپ رہی

شاخِ زیتون پر کم سخن فاختاؤں کے اتنے بسیرے اجاڑے گئے
اور ہوا چپ رہی
بے کراں آسمانوں کی پہنائیاں بے نشیمن شکستہ پروں کی تگ و تاز پر بین کرتی رہیں
اور ہوا چپ رہی
زرد پرچم اڑاتا ہوا لشکرِ بے اماں گُل زمینوں کو پامال کرتا رہا
اور ہوا چپ رہی
آرزو مند آنکھیں ، بشارت طلب دل ، دعاؤں کو اٹھے ہوئے ہاتھ ، سب بے ثمر رہ گئے
اور ہوا چپ رہی
اور تب حبس کے قہرماں موسموں کے عذاب ان زمینوں پہ بھیجے گئے
اور منادی کرا دی گئی
جب کبھی رنگ کی، خوشبوؤں کی، اڑانوں کی، آواز کی اور خوابوں کی توہین کی جائے گی
یہ عذاب ان زمینوں پر آتے رہیں گے

افتخار عارف

No comments:

Post a Comment