Sunday, 21 October 2012

اک بجھ گیا اک اور دیا لے کے آ گئی

اِک بُجھ گیا اِک اور دِیا لے کے آ گئی
مِلنے کی آس کچا گھڑا لے کے آ گئی
کِن منزلوں کو شوقِ مسافت میں کھو دیا
کِن راستوں پہ لغزشِ پا لے کے آ گئی
ٹِک کر نہ بیٹھ پائے اسیرانِ رنگ و بُو
خواہش، فریبِ آب و ہوا لے کے آ گئی
اِک آہوئے خیال بھی صحرا میں ساتھ ہے
خُوشبوئے شہرِ یار، صبا لے کے آ گئی
ورنہ تو بستیوں کی طرف چل پڑے تھے ہم
صحرا کی شام رنگِ حِنا لے کے آ گئی
بدلا نہیں ہوا نے بھی مُدّت سے اپنا رُخ
خلقت عجیب باد نُما لے کے آ گئی
دیتا رہے جواب کوئی تو سوال کا
یُوں پتھروں میں ہم کو صدا لے کے آ گئی
اِک پَل میں کون دل کی رُتیں ہی بدل گیا
بادِ شمال، کِس کا پتہ لے کے آ گئی

اسلام عظمی

No comments:

Post a Comment