Friday, 25 January 2013

جاہل کو اگر جہل کا انعام دیا جائے

جاہل کو اگر جہل کا انعام دیا جائے
اس حادثۂ وقت کو کیا نام دیا جائے
مے خانے کی توہین ہے، رِندوں کی ہتک ہے
کم ظرف کے ہاتھوں میں اگر جام دیا جائے
ہے خُوئے ایازی ہی سزاوارِ ملامت
محمود کو کیوں طعنۂ اِکرام دیا جائے
ہم مصلحتِ وقت کے قائل نہیں یارو
اِلزام جو دینا ہو، سرِعام دیا جائے
بہتر ہے، اس بزم سے اُٹھ آئیے  
سَرقے کو جہاں لقمۂ اِلہام دیا جائے

محسن بھوپالی 

No comments:

Post a Comment