Saturday 29 September 2012

فکرِ انجام کر انجام سے پہلے پہلے

فکرِ انجام کر انجام سے پہلے پہلے 
دن تو تیرا ہے مگر شام سے پہلے پہلے
کیسے دم توڑ گئیں سینے میں رفتہ رفتہ
حسرتیں حسرتِ ناکام سے پہلے پہلے 
باعثِ فخر ہوا رہزن و قاتل ہونا
گھر اُجڑتے تھے اِس اِلزام سے پہلے پہلے
آئے بِکنے پہ تو حیرت میں ہمیں ڈال دیا
وہ تو بے مول تھے نِیلام سے پہلے پہلے
ہو بھی سکتا ہے خاص نظر آنے لگیں
وہ جو لگتے ہیں عام سے پہلے پہلے
ہائے وہ وقت کہ طاری تھی محبت ہم پر
ہم بھی چونک اُٹھتے تھے اِک نام سے پہلے پہلے
ہم بھی سوتے تھے کوئی یاد سرہانے رکھ کر
ہاں مگر گردشِ ایام سے پہلے پہلے
کس قدر تیز ہوائیں تھیں سرِشام کہ دل
جل بُجھا رات کے ہنگام سے پہلے پہلے
اب کے مُشکل وہ پڑی ہے کہ یہ جاں جاتی ہے
سعدؔ! رہتے تھے ہم آرام سے پہلے پہلے

سعد اللہ شاہ

No comments:

Post a Comment