Sunday 21 July 2019

مرے بدن سے مت لپٹ حواس باختہ ہوا

مِرے بدن سے مت لِپٹ حواس باختہ ہوا
بجھے چراغ سے تِرا کہاں کا واسطہ ہوا
نہ تالیاں بجا مِرے بکھرتے بال و پر پہ یوں
تِری طرف پلٹ پڑے خدانخواستہ ہوا
غبار اڑاتی مقتلوں سے مکتبوں تک آ گئی
نجانے کون وحشتوں کی فیض یافتہ ہوا
سنا ہے اب تو وہ بھی راستوں کی دھول ہو گئے
کہ جن سے پوچھتی تھی میرے گھر کا راستہ ہوا
فضا میں اڑ رہے ہیں پر سفید فاختاؤں کے
چمن میں چل رہی ہے ایک ناشناختہ ہوا
سنا ہے اس کو بھی نئی فضا میں چین آ گیا
مجھے بھی راس آ گئی یہ ہجر ساختہ ہوا

سجاد بلوچ

No comments:

Post a Comment