Tuesday, 10 July 2012

رویا کریں گے آپ بھی پہروں اسی طرح

رویا کریں گے آپ بھی پہروں اسی طرح
اَٹکا کہیں جو آپ کا دل بھی مری طرح
آتا نہیں ہے وہ تو کسی ڈھب سے داؤ میں
بنتی نہیں ہے ملنے کی اس کے کوئی طرح
تشبیہ کس سے دوں، کہ طرحدار کی مرے
سب سے نرالی وضع ہے، سب سے نئی طرح
مَر چُک کہیں کہ تُو غمِ ہجراں سے چھوٹ جائے
کہتے تو ہیں بھلے کی و لیکن بری طرح
نے تاب ہجر میں ہے، نہ آرام وصل میں
کم بخت دل کو چین نہیں ہے کسی طرح
لگتی ہیں گالیاں بھی ترے منہ سے کیا بھلی
قربان تیرے پھر مجھے کہہ لے اسی طرح
پامال ہم نہ ہوتے فقط جورِ چرخ سے
آئی ہماری جان پر آفت کئی طرح
نے جائے واں بنے ہے ، نہ بِن جائے چین ہے
کیا کیجیے، ہمیں تو ہے مشکل سبھی طرح
معشوق اور بھی ہیں بتا دے جہان میں
کرتا ہے کون ظلم کسی پر تری طرح
ہوں جاں بہ لب بتانِ ستمگر کے ہاتھ سے
کیا سب جہاں میں جیتے ہیں مومنؔ اسی طرح

مومن خان مومن

No comments:

Post a Comment