وُسعتِ چشم کو اندوہِ بصارت لکھا
میں نے اِک وصل کو اِک ہجر کی حالت لکھا
میں نے لکھا کہ صفحۂ دل کبھی خالی نہ ہو
اور کبھی خالی ہو بھی تو ملامت لکھا
میں نے پرواز لکھی حدِ فلک سے آگے
میں نے دستک کو لکھا کشمکشِ بے خبری
جُنبشِ پردہ کو آنے کی اجازت لکھا
میں نے خُوشبو کو لکھا دسترسِ گمشدگی
رنگ کو فاصلہ رکھنے کی رعایت لکھا
زخم لکھنے کےلئے میں نے لکھی ہے غفلت
خُون لکھنا تھا مگر میں نے حرارت لکھا
حُسنِ گویائی کو لکھنا تھا لکھی سرگوشی
شور لکھنا تھا سو آزارِ سماعت لکھا
میں نے تعبیر کو تحریر میں آنے نہ دیا
خواب لکھتے ہوئے محتاجِ بشارت لکھا
کوئی آسان رفاقت نہیں لکھی میں نے
قُرب کو جب بھی لکھا جذبِ رقابت لکھا
اتنے داؤں سے گزر کر یہ خیال آتا ہے
عزمؔ کیا تم نے کبھی حرفِ ندامت لکھا
عزم بہزاد
No comments:
Post a Comment