ستم کا آشنا تھا وہ سبھی کے دل دُکھا گیا
کہ شامِ غم تو کاٹ لی سحر ہوئی تو چلا گیا
ہوائے ظلم سوچتی ہے کس بھنور میں آ گئی
وہ اک دِیا بجھا تو سینکڑوں دِیے جلا گیا
سکوت میں بھی اس کے اک ادائے دلنواز تھی
اب اک ہجومِ عاشقاں ہے ہر طرف رواں دواں
وہ ایک رہ نورد خود کہ قافلہ بنا گیا
دلوں سے وہ گزر گیا شعاعِِ مہر کی طرح
گھنے اداس جنگلوں میں راستہ بنا گیا
کبھی کبھی تو یوں ہوا ہے اس ریاضِ دہر میں
کہ ایک پھول گلستاں کی آبرو بچا گیا
شریکِ بزمِ دل بھی ہیں چراغ بھی ہیں پھول بھی
مگر جو جانِ انجمن تھا وہ کہاں چلا گیا
اٹھو ستم زدو! چلیں، یہ دُکھ کڑا سہی، مگر
وہ خوش نصیب ہے یہ زخم جس کو راس آ گیا
یہ آنسوؤں کے ہار، خوں بہا نہیں ہیں دوستو
کہ وہ تو جان دے کے قرضِ دوستاں چُکا گیا
احمد فراز
No comments:
Post a Comment