Sunday, 9 December 2012

یوں تجھے ڈھونڈنے نکلے کہ نہ آئے خود بھی

یُوں تجھے ڈھونڈنے نکلے کہ نہ آئے خُود بھی
وہ مسافر کہ جو منزل تھے، بجائے خُود بھی
کتنے غم تھے کہ زمانے سے چھپا رکھتے تھے
اس طرح سے کہ ہمیں یاد نہ آئے خُود بھی
ایسا ظالم ہے کہ گر ذکر میں اُسکے کوئی ظلم
ہم سے رہ جائے، تو وہ یاد دلائے خُود بھی
لطف تو جب ہے تعلّق کا کہ وہ سحر جمال
کبھی کھینچے، کبھی کھنچتا چلا آئے خُود بھی
ایسا ساقی ہو تو پھر دیکھئے رنگِ محفل
سب کو مدہوش کرے ہوش سے جائے خُود بھی
یار سے ہم کو تغافل کا گِلہ کیوں ہو کہ ہم
بارہا محفلِ جاناں سے اُٹھ آئے خُود بھی

احمد فراز

No comments:

Post a Comment