Friday 20 September 2013

سودا سفر کا تھا کبھی اب سر میں کچھ نہ تھا

سودا سفر کا تھا کبھی اب سر میں کچھ نہ تھا
اک بُوئے رفتگاں کے سوا گھر میں کچھ نہ تھا
پھیلی ہوئی ہتھیلی پہ رکھی تھی عاجزی
اور اختیار دستِ تونگر میں کچھ نہ تھا
پھر سارا کام پاؤں کی لغزش نے کر دیا
ٹھوکر لگی تو کانچ کے پیکر میں کچھ نہ تھا
پھر اس کے بعد چشمِ طلب سیر ہو گئی
پہلے لگا کہ حُسن کے لنگر میں کچھ نہ تھا
جب اس نے دل پہ ہاتھ دھرا تو دھڑک اُٹھا
اور اس سے پہلے خُون تھا پتھر میں کچھ نہ تھا
پھر اس نے پیار سے مِرا کشکول بھر دیا
لیکن کہا کہ تیرے مقدّر میں کچھ نہ تھا

محمد سلیم طاہر

No comments:

Post a Comment