Sunday 22 October 2017

نگاہ یار ہم سے آج بے تقصیر پھرتی ہے

نگاہِ یار ہم سے آج بے تقصیر پھرتی ہے 
کسی کی کچھ نہیں چلتی ہے جب تقدیر پھرتی ہے 
مرقع ہے مِری آنکھوں میں کیا یارانِ رفتہ کا 
جو نظروں کے تلے ہر ایک کی تصویر پھرتی ہے 
تِرا دیوانہ جب سے اٹھ گیا صحرائے وحشت سے 
بگولے کی طرح سے ڈھونڈھتی زنجیر پھرتی ہے 
تِری تلوار کا منہ ہم سے پھر جائے تو پھر جائے 
ہماری آنکھ کب قاتل تہِ شمشیر پھرتی ہے 
کبھی تو کھینچ لائے گی اسے گورِ غریباں پر 
کہ مدت سے ہماری خاک دامن گیر پھرتی ہے 
بیاں کس منہ سے ہوئے یار کی شیریں کلامی کا 
زباں پر اپنی اب تک لذتِ تقریر پھرتی ہے 
مقامِ عشق میں شاہ و گدا کا ایک رتبہ ہے 
زلیخا ہر گلی کوچے میں بے توقیر پھرتی ہے 
فراقِ گل میں اتنا تو عبث نالاں و مضطر ہے 
بہارِ رفتہ پھر اے بلبلِ دلگیر پھرتی ہے 
درِ بابِ اثر تک ایک دن جاتے نہیں دیکھا 
خدا جانے کہاں یہ آہِ بے تاثیر پھرتی ہے 
خدا شاہد ہے اس کا پھر نہیں ملتی نہیں ملتی 
طبیعت اپنی جس سے او بتِ بے پیر پھرتی ہے 
ہم اس لیلیٰ کو دیوانے ہیں اے غافلؔ جو صحرا میں 
بغل میں اپنے مجنوں کی لیے تصویر پھرتی ہے

منور خان غافل

No comments:

Post a Comment