Thursday 11 May 2017

چاہت میں جس کی میں نے بھرا گھر لٹا دیا

چاہت میں جس کی میں نے بھرا گھر لٹا دیا
وہ پھر بھی کہہ رہا ہے مجھے تُو نے کیا دیا
دشمن ہے میرا کون؟ مرے اس سوال پر
دل نے مجھے جواب میں اک آئینہ دیا
ارمان و آرزو کا نشاں دور تک نہیں
اس بے کسی کی آگ نے دل کو جلا دیا
تھا جس کو ناز اپنی ہر اک جیت پر بہت
قسمت نے ایک پل میں اسے بھی ہرا دیا
پوچھے یہ بات آج کے انسان سے کوئی
کیوں مقصدِ حیات کو اس نے بھلا دیا
سنتا نہیں ہے مجھ سے کوئی داستاں مری
تم نے مجھے نگاہ سے کتنا گرا دیا
ہنستا ہے دیکھ دیکھ کے ہر آدمی ہمیں
ہم نے بھی خود کو کیسا تماشا بنا دیا
اے نورؔ سوچنے سے تو واپس نہ آئے گا
وہ بے بہا تھا وقت جو تم نے گنوا دیا

نور سہارنپوری

No comments:

Post a Comment