Sunday 28 May 2017

شاید مری لے اس کو سنائی نہیں دیتی

شاید مِری لے اس کو سنائی نہیں دیتی
کیوں میری انا مجھ کو رہائی نہیں دیتی
تھا پہلے بہت شور نہاں خانۂ دل میں
اب تو کوئی سِسکی بھی سنائی نہیں دیتی
خوابوں کی تجارت میں یہی ایک کمی ہے
چلتی ہے دکاں خوب، کمائی نہیں دیتی
ہر تارِِ نفس ہے متحرک متواتر
رخصت ہی مجھے نغمہ سرائی نہیں دیتی
کیا دھند ہے اشکوں کی مسلط دل و جاں پر
دیکھی ہوئی دنیا بھی دکھائی نہیں دیتی
چلنے کو تو سب یار کمر بستہ کھڑے ہیں
جس راہ پہ چلنا ہے سجھائی نہیں دیتی
کانٹوں پہ چلاتی ہے کوئی اور ہی لذت
وحشت کا صلہ آبلہ پائی نہیں دیتی
میں قید محالات سے دم بھر میں نکل جاؤں
حاصل کی ہوس مجھ کو رہائی نہیں دیتی
میں اپنی ہی مٹی سے بنا لیتا ہوں مدحتؔ
وہ چیز جو اوروں کی خدائی نہیں دیتی

مدحت الاختر

No comments:

Post a Comment