Friday 31 October 2014

کلام کرتا تھا میں اس سے دعا کے لہجے میں

کلام کرتا تھا میں اُس سے دعا کے لہجے میں
مگر وہ بول پڑا تھا خدا کے لہجے میں
زمین پھر اسی مرکز پہ جلد آ جائے
ندائے ’’کُن‘‘  میں سنوں ابتدا کے لہجے میں
پرندے لوہے کے، کنکر بموں کے پھینکتے ہیں
عذاب ہم پہ ہے کیوں ابرہہ کے لہجے میں
قدم ادھر ہی اٹھے جا رہے ہیں جس جانب
سموم بول رہی ہے صبا کے لہجے میں
کشش تو چاند سے کچھ کم نہیں ہے اس میں بھی
مگر وہ ملتا ہے اکثر خلا کے لہجے میں
نئی ہواؤں کی یلغار سے نمٹنے کو
میں زہر پینے لگا ہوں دوا کے لہجے میں

فریاد آزر

No comments:

Post a Comment