جاں چیز کیا ہے جاں سے گزرتے تو دیکھتے
جی جان سے کسی پہ جو مرتے تو دیکھتے
جنت کو چھوڑنا تو کوئی چیز ہی نہیں
ممنوع میوہ کوئی کترتے تو دیکھتے
گرنے میں ڈوبنے میں ابھرنے میں کیا ہے لطف
دریا میں ایک بار اترتے تو دیکھتے
سردی ہے کیا جو دھوپ میں جلتے تو جانتے
گرمی ہے کس کا نام ٹھٹھرتے تو دیکھتے
جانوں پر اپنی کھیل گئے کس مزے سے لوگ
ہم تن کی اتنی فکر نہ کرتے تو دیکھتے
کہتی تھی لومڑی ہے کلیلوں میں کیا مزا
جنگل کی گھاس شیر جو چرتے تو دیکھتے
مضطر شغال نفس خطرناک تھا بہت
ہم اتنی دیکھ بھال نہ کرتے تو دیکھتے
مجاز مضطر
No comments:
Post a Comment