Saturday, 25 October 2014

اجڑ گیا ہے چمن لوگ دلفگار چلے

اجڑ گیا ہے چمن، لوگ دل فگار چلے
کوئی صبا سے کہو، اب نہ بار بار چلے
یہ کون سیر کا ارماں لئے چمن سے گیا
کہ بادِ صبح کے جھونکے بھی سوگوار چلے
یہ کیا کہ کوئی بھی رویا نہ یاد کر کے انہیں
وہ چند پھول جو حسنِ چمن نکھار چلے
نقاب اٹھا، کہ پڑے اہلِ درد میں ہلچل
نظر ملا، کہ چھری دل کے آر پار چلے
خوشا کہ در پہ ترے سر جھکا لیا ہم نے
یہ ایک قرضِ جبیں تھا جسے اتار چلے
کہے جو حق وہ کرے کیوں مآلِ حق سے گریز
کوئی چلے نہ چلے ہم تو سُوئے دار چلے
اب اس کے بعد چمن جانے یا صبا جانے
گزارنے تھے ہمیں چار دن گزار چلے
پلٹ کے دیکھا نہ اک بار کارواں نے ہمیں
گرے پڑوں کی طرح ہم پسِ غبار چلے
جو ان کی یاد میں چمکے کبھی سرِ مژگاں
وہ چار اشک مری عاقبت سنوار چلے
کسی کی یاد سے تسکینِ جاں ہے وابستہ
کسی کا ذکر چلے اور بار بار چلے
 تمہاری بزم سے تاثیر اٹھ گئی شائد
بحالِ زار ہم آئے، بحالِ زار چلے
غریبِ شہر کی میّت کے ساتھ روتا کون
مرا سلام ہو ان پر جو اشکبار چلے
قفس میں روز دکھاتا ہے آشیاں صیاد
نصیرؔ آگ لگا دوں جو اختیار چلے 

سید نصیرالدین نصیر

No comments:

Post a Comment