Wednesday 15 October 2014

لمحہ لمحہ یاد آتا ہے پچھلی رت کا ساتھ تمہارا

لمحہ لمحہ یاد آتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا
ہر موسم میں تڑپاتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا
اب کے بھی وہ رُت آئی ہے شاید وہ بھی لوٹ ہی آئے
کہہ کہہ کے یہ بہلاتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا
جب بھی تیری یاد سے آگے بڑھنا چاہوں تو دل میرا
پھر سے آنکھ میں لے آتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا
تیرا رستہ تکتے تکتے آنکھ کے منظر سرد ہوئے یوں
ہر منظر میں در آتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا
ویسے تو بے دردی جینا مشکل ہو جانا تھا، لیکن
سانسیں ہر دم مہکاتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا
آس امید کے دیپک سارے دھیرے دھیرے بجھ جاتے ہیں
ان کو پھر سے سلگاتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا
ذات کے اس زنداں میں صفیؔ جی بکھری ویرانی کے ڈر سے
ہر پل چیختا چلاتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا

عتیق الرحمٰن صفی

No comments:

Post a Comment