Monday 13 November 2017

بات جو بھلی نہیں میں نے وہ کہی نہیں

بات جو بھلی نہیں
میں نے وہ کہی نہیں
اِک فریبِ زیست ہے
اور زندگی نہیں
آدمی کے دیس میں
کوئی آدمی نہیں
مژدۂ سحر یہ ہے
پَو ابھی پھٹی نہیں
مہر کو لگا گہن
دن میں روشنی نہیں
صیغۂ وصال میں
آج اور ابھی نہیں
قلبِ کہنہ میں کوئی
یاد اب نئی نہیں
غم کو تو دوام ہے
زیست دائمی نہیں
ساغر و سُبو تو ہے
پر وہ بیخودی نہیں
ہے یہ بارِ آگہی
کوئی شے نئی نہیں
دردِ دل ٹھہر گیا
شب ابھی ڈھلی نہیں
میں نے وہ بھی سُن لیا
تُو جو کہہ سکی نہیں
زندگی تو تھم گئی
سانس کیوں تھمی نہیں؟
میں بھی پہلے سا نہیں
تُو بھی پہلے سی نہیں
وہ ضمؔیر بُجھ گیا
دل میں روشنی نہیں

اویس ضمیر

No comments:

Post a Comment