Sunday, 6 September 2026

ہر کسی کی ہستی کا ناخدا تو ہوتا ہے

 ہر کسی کی ہستی کا ناخدا تو ہوتا ہے

یہ بھنور ہی ایسا ہے ڈوبنا تو ہوتا ہے

صاف صاف لہجے میں بات کرنی پڑتی ہے

فاصلے تو بڑھتے ہیں، فیصلہ تو ہوتا ہے

بارِشوں کے موسم میں رتجگے تو ہوتے ہیں

موسمی تبدل ہے عارضہ تو ہوتا ہے

ساتھ ساتھ چلنے میں مُشکلیں تو ہوتی ہیں

ساتھ ساتھ چلنے میں واہمہ تو ہوتا ہے

عشق کے مراحل سے دشت کی منازل تک

جس قدر بھی مشکل ہو راستہ تو ہوتا ہے

تم سے پھول اچھے ہیں ان کا مسکرانا بھی

لاکھ رائیگاں سمجھو بے وجہ تو ہوتا ہے

ہمزُبان لوگوں میں بے زُباں کا دُکھ سمجھو

کُچھ بتا نہیں پاتے، سب سُنا تو ہوتا ہے

زندگی سفر میں ہے راستے بدلتی ہے

راستے بدلنے سے حادثہ تو ہوتا ہے


نعیم اللہ انمول

No comments:

Post a Comment