Saturday, 23 November 2013

تمہیں بھی آغاز روشنی کے حسیں نظارے تو یاد ہوں گے

تمہیں بھی آغاز روشنی کے حسِیں نظارے تو یاد ہوں گے
جو اپنی اُلفت کے رازدان تھے وہ چاند تارے تو یاد ہوں گے
ترا غرُورِ جمال مجھ کو جو بُھولتا ہے، تو بُھول جائے
مگر جوانی کی لغزشوں کو مرے سہارے تو یاد ہوں گے
کبھی ستاروں کی روشنی میں تمہیں بھی وحشت ہوئی تو ہو گی
ستم کے ماروں کا غم نہیں تو کرم کے مارے تو یاد ہوں گے
تمہارے بس کا نہیں تلاطم، یہی مناسب ہے لوٹ جاؤ
مرے سفینے کےناخداؤ! تمہیں کنارے تو یاد ہوں گے
چمن چمن پہ مرا اثر تھا، روِش روِش پہ مری نظر تھی
ابھی زمانے کی گردِشوں کو مرے اِشارے تو یاد ہوں گے
اگر کناروں کا عیش پا کر شکستہ کشی کو بُھولتے ہو
جہاں نظر تم بدل گے تھے وہ تیز دھارے تو یاد ہوں گے

قابل اجمیری

No comments:

Post a Comment