Saturday, 23 November 2013

عشق میں تازگی ہی رہتی ہے

عشق میں تازگی ہی رہتی ہے
آنسوؤں کی کمی ہی رہتی ہے
میری راتیں اُجڑ گئیں اے دوست
اب یہاں روشنی ہی رہتی ہے
جانے کیا ہو پلک جھپکنے میں
زندگی جاگتی ہی رہتی ہے
لاکھ وہ بے نیاز ہو جائیں
حُسن میں دلکشی ہی رہتی ہے
جُھوٹے وعدوں کی لذتیں مت پوچھ
آنکھ در سے لگی ہی رہتی ہے
ہجر کی رات ہو کہ صبحِ نشاط
زندگی زندگی ہی رہتی ہے
درد خود آگہی نہ ہو جب تک
کائنات اجنبی ہی رہتی ہے
زہر بھی ہم نے پی کے دیکھ لیا
عشق میں تشنگی ہی رہتی ہے
حُسن کرتا ہے مہر و ماہ سے چھیڑ
آنکھ لیکن جھکی ہی رہتی ہے
کچھ نئی بات تو نہیں قابلؔ
ہجر میں بے کلی ہی رہتی ہے

 قابل اجمیری

No comments:

Post a Comment