Friday, 4 July 2014

سر پہ تیغ بے اماں ہاتھوں میں پیالہ زہر کا

سر پہ تیغِ بے اماں ہاتھوں میں پیالہ زہر کا
کس طرح ہونٹوں پہ لاؤں حال اپنے شہر کا
بہہ رہے ہیں پانیوں میں گھر سفینوں کی طرح
ساحلوں سے اس طرح اچھلا ہے پانی نہر کا
اس بدن پر اب قبائے شہریاری تنگ ہے
جس نے چھینا ہے کفن تک ہر غریبِ شہر کا
رنگ آنکھوں میں عجب قوسِ قزح کے گھل گئے
دیدنی ہے موج میں آنا لہو کی لہر کا
دشمنی کی مے تو چھلکی ہے بہت محسنؔ مگر
ذائقہ کچھ اور ہی ہے دوستی کے زہر کا

محسن احسان

No comments:

Post a Comment