Friday, 11 October 2013

کونین میں یوں جلوہ نما کوئی نہیں ہے

نعتِ رسولِ مقبولﷺ 

 کونین میں یوں جلوہ نما کوئی نہیں ہے
 اللہ کے بعد اُنؐ سے بڑا کوئی نہیں ہے
 مانگو تو ذرا اُنؐ کے توسط سے کبھی کچھ
 مقبول نہ ہو ایسی دُعا کوئی نہیں ہے
 کام آئی سرِ حشر، محمدؐ کی شفاعت
 سب کہتے ہیں جا تیری خطا کوئی نہیں ہے
 ہر چند نبی عیسیٰؑ و موسیٰؑ بھی ہیں، لیکن
 محبوبِ خدا، اُنؐ کے سوا کوئی نہیں ہے
اللہ نے سو حُسن دئیے نوعِ بشر کو
 یوں نور کے سانچے میں ڈھلا کوئی نہیں ہے
 دل اُنؐ کاہے، اس دل میں وہیؐ جلوہ فگن ہیں
 اب اُنؐ کے علاوہ بخدا کوئی نہیں ہے
 اُمّت میں ہوں اُنؐ کی جو ہیں رحمتِ عالم
 کیوں حشر کا ڈر ہو، میرا کیا کوئی نہیں ہے؟
 اس دور پہ اے ختمِ رُسلؐ چشمِ کرم ہو
 راہزن ہیں بہت، راہنما کوئی نہیں ہے
 پڑھتے رہو دن رات نصیرؔ اُنؐ کا وظیفہ
 ایسا عملِ ردِّ بلا کوئی نہیں ہے

سید نصیرالدین نصیر

No comments:

Post a Comment