سبو اٹھا کہ شبِ ماہتاب ہے ساقی
خروش و بربط و چنگ و رَباب ہے ساقی
پلا شراب کہ عہدِ شباب ہے ساقی
ہر اک گناہ میں غلطاں ثواب ہے ساقی
بچی کچھی ہی سہی ہم پہ بھی کرم فرما
گدائے خاک نشیں کو جو بخش دے شاہی
ترا وہ دَر ہے وہ تیری جناب ہے ساقی
وہ جام دے کہ ہر اک شے سے بے خبر کر دے
کہ اب تو ہوش میں رہنا عذاب ہے ساقی
عطائے بادہ میں تعجیل کر کہ عمرِ رواں
عِناں گسستہ و پا در رکاب ہے ساقی
کرم میں دیر نہ فرما کہ یہ شبِ ہستی
بقدرِ فرصتِ رقصِ حباب ہے ساقی
شراب جھوم کے دے، جام چوم چوم کے دے
کسی کی پیاس بجھانا ثواب ہے ساقی
خیال چاہیئے ہم سے بھی بادہ خواروں کا
کہ قطرے قطرے کا آ کر حساب ہے ساقی
حجاب کیسا، تغافل ہے کیوں، نظر تو اٹھا
کہ عہدِ مستی و دورِ شباب ہے ساقی
وہ جس نے پی ہو تری میگسار آنکھوں سے
وہ بے نیازِ عذاب و ثواب ہے ساقی
تری گلی ہے وہ اک منبعِ فروغ و ضیا
کہ ذرہ ذرہ جہاں آفتاب ہے ساقی
جو زلف میں ہو تو زینت، جو دل میں ہو تو خلش
بہ ظاہر ایک ہی شے پیچ و تاب ہے ساقی
ہر ایک قطرہ ہے آئینہ دار رنگِ نشاط
ترا کرم وہ برستا سحاب ہے ساقی
نگاہ جم نہ سکی اس لئے مظاہر پر
وفورِ جلوہ تو خود اک حجاب ہے ساقی
اِسے بھی بادۂ حُبِ نبیؐ عطا کر دے
نصیرؔ، خاکِ درِ بُو تراب ہے ساقی
سید نصیرالدین نصیر
No comments:
Post a Comment